پڑوسی کے حقوق - محمد رفیع مفتی

پڑوسی کے حقوق

 عَنْ أَبِی شُرَیْحٍ أَنَّ النَّبِیَّ صَلَّی اللَّہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ قَالَ: وَاللَّہِ لَا یُؤْمِنُ وَاللَّہِ لَا یُؤْمِنُ وَاللَّہِ لَا یُؤْمِنُ قِیلَ وَمَنْ یَا رَسُولَ اللَّہِ قَالَ: الَّذِی لَا یَأْمَنُ جَارُہُ بَوَایِقَہُ.(بخاری، رقم ۶۰۱۶)
ابو شریح رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :خدا کی قسم ، وہ مومن نہ ہو گا؛ خدا کی قسم ،وہ مومن نہ ہو گا؛ خدا کی قسم ،وہ مومن نہ ہو گا۔ لوگوں نے پوچھا : کون یا رسول اللہ؟ آپ نے فرمایا: جس کا پڑوسی اُس کی شرارتوں سے محفوظ نہیں ہے۔

توضیح

امن و امان ہر شخص کا بنیادی حق ہے۔ ہر پڑوسی پر اُس کے پڑوسی کا یہ حق باقی سب سے زیادہ ہوتا ہے۔ چنانچہ یہ نہیں ہو سکتا کہ خدا اور آخرت پر سچے دل سے ایمان رکھنے والا کوئی شخص اپنے پڑوسی کو اُس کے اس بنیادی حق ہی سے محروم کر دے اور اپنی شرارتوں سے اُس کو ستائے۔

 

عَنْ عَاءِشَۃَ رَضِیَ اللَّہُ عَنْہَا عَنْ النَّبِیِّ صَلَّی اللَّہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ قَالَ: مَا زَالَ یُوصِینِی جِبْرِیلُ بِالْجَارِ حَتَّی ظَنَنْتُ أَنَّہُ سَیُوَرِّثُہُ.(بخاری، رقم ۶۰۱۴)
عائشہ رضی اللہ عنھا سے روایت ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جبریل نے مجھے پڑوسی کے حقوق کی اِس قدر تاکید کی کہ مجھے خیال ہوا، یہ تو عنقریب اِسے وراثت میں حق دار بنا دیں گے۔

توضیح

اللہ تعالیٰ نے قریبی رشتہ داروں کی طرح پڑوسی کو انسان کی میراث میں حصہ دار تو نہیں بنایا، لیکن یہ حدیث ہمیں بتاتی ہے کہ حسن سلوک کے پہلو سے پڑوسیوں کا حق انھی قریبی رشتہ داروں کی مثل ہے جنھیں انسان کی میراث میں حصہ دار بنایا گیا ہے۔
میراث میں حصوں کی تقسیم کا اصول ’أیھم أقرب لکم نفعًا‘ (النساء۴: ۱۱)ہے، یعنی رشتہ داروں میں سے بلحاظ منفعت کون زیادہ قریب ہے، چنانچہ منفعت کے لحاظ سے زیادہ قریبی رشتہ دار زیادہ حصہ پاتا ہے۔
اس میں کوئی شک نہیں کہ پڑوسیوں کی منفعت رشتہ داروں کی منفعت جیسی نہیں ہوتی، جبھی تو انھیں میراث میں حصہ نہیں دیا گیا۔ لیکن خدا کے نزدیک پڑوس کا رشتہ ایسا اہم ہے کہ اِس کی بنا پر باہم خیر خواہی کی جو ذمہ داری بنتی ہے وہ انھیں حسن سلوک کے حوالے سے قریبی رشتہ داروں جیسے حقوق دلا دیتی ہے۔ چنانچہ جبریل علیہ السلام نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو پڑوسی کے حقوق کی اِس قدر تاکید کی کہ انھیں خیال ہوا، یہ انھیں کہیں وراثت ہی میں حق دار نہ بنا دیں۔

بشکریہ ماہنامہ اشراق، تحریر/اشاعت مارچ 2011
مصنف : محمد رفیع مفتی
Uploaded on : Jan 14, 2017
2199 View