زیب و زینت - محمد حسن الیاس

زیب و زینت

سوال:سورۂ نساء آیت نمبر ۱۱۹ میں شیطان نے کہا ہے کہ میں تیرے بندوں کو ان کی شکلیں تبدیل کرنے پر مجبور کر دوں گا،اس سے کیا مراد ہے؟ کیا اس سے مراد وہ چیزیں بھی ہیں جو خواتین آرایش کے لیے کرتی ہیں جیسے بھنویں وغیرہ بنانا؟

جواب: سورہ نساء کی آیت ۱۹۹ کا ترجمہ جاوید احمد غامدی صاحب  نے اپنی تفسیر البیان میں اس طرح کیا ہے :

میں اُنھیں بہکاؤں گا، اُنھیں آرزوؤں میں الجھاؤں گا، اُنھیں سکھاؤں گا تو وہ چوپایوں کے کان پھاڑیں گے اور اُنھیں سکھاؤں گا تو وہ خدا کی بنائی ہوئی ساخت کو بگاڑیں گے۔ (اِنھیں بتاؤ کہ) اللہ کو چھوڑ کر جس نے شیطان کو اپنا سرپرست بنا لیا، وہ صریح نقصان میں پڑ گیا۔

اس آیت کی تفسیر میں وہ لکھتے ہیں:

"یہ اُن جھوٹی آرزوؤں کی طرف اشارہ ہے جن میں مشرک قومیں بالعموم مبتلا ہو جاتی ہیں۔ چنانچہ عربوں کا یہ عقیدہ کہ دنیا اور آخرت کی نعمتیں اُن دیویوں اور دیوتاؤں کی سفارش سے ملتی ہیں جنھیں وہ پوجتے ہیں اور یہود کا یہ وہم کہ وہ ابراہیم خلیل اللہ کی اولاد ہیں، اِس لیے جنت اُن کے حق میں لکھ دی گئی ہے، اِنھی آرزوؤں کی مثالیں ہیں۔ یہی معاملہ نصاریٰ کا ہے۔ وہ سمجھتے ہیں کہ خدا نے اپنے بیٹے کو انسان کے ازلی گناہ کا کفارہ بنا دیا ہے۔
اصل میں ’وَلَاٰمُرَنَّہُمْ‘ کے الفاظ آئے ہیں۔ یہ جس طرح حکم دینے کے معنی میں آتے ہیں، اِسی طرح بتانے، سکھانے اور ترغیب دینے کے معنی میں بھی آتے ہیں۔
شیطان کی یہ بات اِس طرح پوری ہوئی کہ مشرک قوموں نے خاص خاص جانوروں کو اپنے فرضی معبودوں کی نذر کیا اور اِس کی علامت کے طور پر اُن کے کان چیرے تاکہ کوئی اُن سے تعرض نہ کرے۔
یعنی خدا نے جس فطرت پر انسان کو پیدا کیا ہے، اُس کو مسخ کریں گے۔ چنانچہ توحید کے بجاے شرک کے داعی اور علم بردار ہوں گے، پھر اِسی کے تحت وہ سب چیزیں اختیار کرلیں گے جو فطرت کی تبدیلی کے حکم میں ہیں۔ مثلاً رہبانیت، برہمچرج، عورتوں کا مرد اور مردوں کا عورت بننا اور اِس طرح کی دوسری خرافات۔"

لہذا عورتوں کی ارایش اس آیت کا موضوع ہے اور نہ ہی زیب و زینت فطرت کو مسخ کرنے کے حکم میں شامل ہے۔

بشکریہ محمد حسن الیاس
مصنف : محمد حسن الیاس
Uploaded on : Feb 16, 2019
2539 View